سلطان النیادی نے خلا سے واپسی کا سفر خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا

ناسا کے مطابق اس التوا کی وجہ فلوریڈا میں راکٹ اترنے کے مقام پر موسم کی خرابی ہے.

دبئی ( یو اے ای اپڈیٹس – ارشد فاروق بٹ ) متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی کے چھ ماہ پر محیط تاریخی خلائی مشن سے واپسی کو خراب موسم کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے.

واضح رہے کہ اس سے قبل سلطان النیادی نے ہفتے کے روز امارات کے مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے بین الاقوامی سپیس سٹیشن سے روانہ ہونا تھا، مگر اب انہیں اتوار کے روز تین بجے تک روک لیا گیا ہے.

ناسا کے مطابق اس التوا کی وجہ فلوریڈا میں راکٹ اترنے کے مقام پر موسم کی خرابی ہے. سلطان النیادی آئی ایس ایس پر 3 مارچ سے کام کر رہے ہیں۔ انہیں اب 3 ستمبر کو وطن واپسی کے لیے 24 گھنٹے کا سفر شروع ہوگا. انھوں نے اپنے مشن کے دوران میں کئی ریکارڈ توڑے اور زمین پر زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اہم تجربات کیے ہیں.

اماراتی خلاباز ناسا کے خلاباز اسٹیفن بووین، ووڈی ہوبرگ اور روسی خلاباز آندرے فیدیف کے ساتھ اسپیس ایکس ڈریگن کیپسول پر اتوار کو امریکا کے شہر فلوریڈا کے ساحل پر اتریں گے.

متحدہ عرب امارات کے خلائی پروگرام کے سربراہ اور محمد بن راشد خلائی مرکز کے ڈائریکٹر جنرل سلیم المری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ کیا کہ سلطان اور کریو 6 اب زمین پر واپس آنے کی تیاری کررہے ہیں اور ہم ان کا استقبال کرنے کو تیار ہیں.

زمین پراُترنے کے بعد، سلطان النیادی کے ابتدائی دن امریکا میں طبی معائنے کے لیے وقف ہوں گے. جس کے بعد وہ متحدہ عرب امارات لوٹیں گے۔ کچھ عرصے کے بعد وہ مشن کی مزید ڈی بریفنگ کے لیے امریکا واپس جائیں گے.

متحدہ عرب امارات میں مقیم ہونے کے بعد وہ ملک گیر روڈ شوز میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اس میں وہ عوام بالخصوص طلبہ کے ساتھ اپنے قیمتی تجربات شیئر کریں گے.

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.