ساہیوال : زہریلا ملک شیک پینے سے دو بچے جاں بحق، تین کی حالت تشویشناک
بچوں کی نعشیں گھر پہنچے پر کہرام برپا ہو گیا۔

پاکستان کے شہر ساہیوال میں زہریلا ملک شیک پینے سے دو بچے جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ تین بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسپنسری روڈ کے رہائشی کیبل آپریٹر ملک آصف نامی شخص نے بچوں کے لئے ملک شیک بنایا تھا جسے پینے سے بچوں کی حالت غیر ہو گئی۔
پانچوں بچوں کو حالت غیر ہونے پر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سات ماہ کا انس، تین سال کی حرم جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ تیرہ سالہ ابیہا، گیارہ سالہ فائقہ اور چھ سالہ ایمان کی حالت تشویشناک ہے۔
کیبل آپریٹر آصف نے دودھ اپنے گوالے سے لیا تھا جوروزانہ کی بنیاد پر انہیں دودھ مہیا کرتا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق متاثرین ایک دن اور ایک رات میٹرنٹی ہسپتال میں زیر علاج رہے انکا معدہ تک واش نہیں کیا گیا۔
بچوں کی نعشیں گھر پہنچے پر کہرام برپا ہو گیا۔ بارہ سال بعد بیٹا پیدا ہوا تھا۔ گھر والے غم سے نڈھال۔