وزیرِاعظم شہباز شریف کی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس
پاکستان اور آئی ایم ایف کا 3 ارب ڈالرز اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہوا ہے.

عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے کامیاب معاہدے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ آج پریس کانفرنس کرینگے.
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف آج وزیرِخزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ سہہ پہر 4 بجے لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے.
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف آئی ایم ایف سے ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے.
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کا 3 ارب ڈالرز اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہوا ہے. حال ہی میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالرز کا اسٹاف لیول معاہدہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے.
اس حوالے سے عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ 9 ماہ کا اسٹینڈ بائی معاہدہ طے پایا ہے. آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ سٹاف لیول معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گا. معاہدے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہو گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ معاہدہ پاکستان میں ٹیکسز کی آمدن بڑھائے گا. ٹیکس کی آمدن بڑھنے سے عوام کی ترقی کے لیے فنڈنگ بڑھ سکے گی اور یہ معاہدہ پاکستان میں مالی نظم و ضبط کا باعث بنے گا.
آئی ایم ایف نے اعلامیے میں مزید کہا ہے کہ معاہدے سے توانائی کی اصلاحات یقینی بنائی جائیں گی. ایکس چینج ریٹ کو مارکیٹ کے حساب سے مقرر کیا جائے گا. معاہدے سے پاکستان کو بیرونی ممالک اور مالیاتی اداروں سے فنانسنگ دستیاب ہوسکے گی.