بغیر تجربے کے یو اے ای میں ٹیچنگ جاب کیسے حاصل کریں؟
یو اے ای کے سکولوں میں بھرتیاں زیادہ تر جنوری اور ستمبر میں ہوتی ہیں.

تحریر: ارشد فاروق بٹ
نئے اساتذہ کے لیے یو اے ای اور اس سے منسلک ریاستوں میں ملازمت کا حصول آسان نہیں ہے تاہم کچھ اقدامات سے راستہ ہموار کیا جا سکتا ہے.
1. وزٹ ویزہ پر دبئی آئیں
وزٹ ویزہ آپ کو اس قابل بناتا ہے کہ آپ براہ راست ان سکولوں کا وزٹ کرتے ہیں جن میں ملازمت کے خواہش مند ہیں. اس طرح سے آپ ان اداروں کے ملازمین سے رابطے میں آتے ہیں اور یہ چیز آپ کی سنجیدگی کا ایک ثبوت بھی ہوتی ہے. یو اے ای وزٹ سے پہلے اپنا ہوم ورک مکمل کریں. امارات میں موجود تمام پاکستانی سکولوں کے نام، ایڈریس، فون نمبر، ای میل وغیرہ آپ کے پاس ہونی چاہیں تاکہ وزٹ کے دوران سرچنگ پر وقت ضائع نہ ہو.
2. درست وقت پر یو اے ای وزٹ کریں
یو اے ای کے سکولوں میں بھرتیاں زیادہ تر جنوری اور ستمبر میں ہوتی ہیں. پاکستان سے یو اے ای وزٹ پر جانے والے اساتذہ عموما چھٹیوں کا انتخاب کرتے ہیں لیکن اس وقت تمام ادارے بند ہوتے ہیں. اس لیے وزٹ اور رابطوں کے لیے درست وقت کا انتخاب کریں.
3. کم تنخواہ کے لیے تیار رہیں
پاکستان کے نجی سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ اپنے تجربے کی بنیاد پر سمجھتے ہیں کہ یو اے ای میں ان کو بھاری بھرکم سیلری پیکج آفر ہو گا. لیکن یو اے ای میں تجربہ صرف وہ گنتی میں آتا ہے جو خلیج کے سکولوں کا ہو. اس لیے شروع میں وہ آپ کو کافی کم سیلری آفر کریں گے جس کے لیے آپ کو ذہنی طور پر تیار رہنا ہو گا. اکثر سکول 2000 سے 3000 درہم کے درمیان تنخواہ آفر کرتے ہیں.
4. غیر ملکی سکولوں میں بھی اپلائی کریں
یو اے ای میں کچھ انڈین سکول بھی پاکستانیوں کو ملازمت آفر کرتے ہیں کیونکہ کچھ میں اردو بطور سیکنڈ لینگوئج پڑھائی جاتی ہے. تاہم ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ تر بھرتیاں اپنے ملک کے باشندوں کی کریں. اس کے علاوہ یو کے، اور امریکن سکولوں کے لیے یو اے ای میں ٹیچنگ کا تجربہ اور انگریزی زبان میں مہارت کا سرٹیفکیٹ IELTS لازمی ہے.
5. لنکڈ ان کا استعمال کریں
لنکڈ ان پر آپ کو یو اے ای کے بیشتر سکولوں کے پرنسپل صاحبان اور سٹاف کے پروفائل مل جائیں گے. یہ کمیونٹی سے جڑنے اور اپنے آپ کو اپڈیٹ رکھنے میں بہت مددگار ہے.
6. ڈبل مائنڈڈ ہونے سے بچیں
اگر آپ پاکستان میں کسی اچھی ملازمت پر ہیں تو ہرگز اس کو چھوڑ کر یو اے ای میں سیٹل ہونے کی کوشش نہ کریں. ہو سکتا ہے کہ نئی جاب آپ کو راس نہ آئے اور آپ پھر سابقہ ملازمت کی طرف رجوع کریں. یو اے ای میں سیٹل ہونے کا بہترین وقت سٹڈی مکمل کرنے کے فورا بعد کا ہے. تاکہ اگر کچھ سال ضائع بھی ہو جائیں تو بالآخر ایک اچھی ملازمت آپ کا مقدر ہو.
7. سپانسرڈ ویزہ
اگر یو اے ای میں آپ کا کوئی قریبی رشتہ دار موجود ہے اور وہ آپ کو سپانسر کر سکتا ہے تو اس صورت میں آپ کی ملازمت کے امکانات روشن ہو جاتے ہیں. آپ کے پاس ویزہ ہونے کی صورت میں سکولوں کے لیے آسان ہو گا کہ وہ آپ کو ملازمت آفر کریں.
8. سی وی اور انٹرویو کی تیاری
سی وی آپ کا فرسٹ امپریشن ہے جو آپ کی شخصیت کا عکاس ہے. اسی طری بغیر تیاری کے انٹرویو سے بھی آپ کے لیے ملازمت کا حصول مشکل ہو سکتا ہے. ایک پریزینٹیشن بھی تیار رکھیں تاکہ سکول آپ کو پرکھ سکے.
9. دوسرے شعبوں میں قسمت آزمائی
دبئی میں ایسی بے شمار مثالیں موجود ہیں جہاں کچھ لوگ ٹیچنگ جاب کے لیے آئے لیکن انشورنس، ریسیپشن، گرافک ڈیزائنر سمیت کئی شعبوں میں اچھا کما رہے ہیں. اپنے آپ کو محدود نہ کریں اور جابز پر نظر رکھیں.
10. ایجنٹس کے ہتھے نہ چڑھیں
ایجنٹس ہر بزنس میں موجود ہوتے ہیں. اسی طرح آپ کو ایسے ایجنٹس ملیں گے جو آپ کو سبز باغ دکھا کر ویزہ دلوا دیں گے اور آپ بغیر تیاری کے ان کے بھروسے ناکام ہو کر واپس آ جائیں گے. کامیابی کا ایک ہی راستہ ہے جو مندرجہ بالا مراحل سے ہو کر گزرتا ہے.
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہائیر سیکنڈری سکول شارجہ میں ملازمت کے مواقع
[email protected]